ٹک ٹاک پر تلخ کلامی کا افسوسناک انجام، نوجوان قتل گجرات پولیس کی فوری کارروائی، مرکزی ملزم چند گھنٹوں کے اندر گرفتار

ٹک ٹاک پر تلخ کلامی کا افسوسناک انجام، نوجوان قتل گجرات پولیس کی فوری کارروائی، مرکزی ملزم چند گھنٹوں کے اندر گرفتار
تفصیلات کے مطابق تھانہ منگووال کے علاقہ کیرانوالہ کے رہائشی محمد نعیم نے پولیس کو اطلاع دی کہ ٹک ٹاک پر ویڈیو کے حوالے سے ہونے والے تنازعہ پر غلام مجتبیٰ نے اپنے ساتھی کے ہمراہ اس کے بھائی عبدالقادر پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر جانبر نہ ہو سکا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ کرائم سین یونٹ کی مدد سے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے اور مقتول کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی اوگجرات کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ منگووال انسپکٹر توقیر الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم غلام مجتبیٰ کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ٹک ٹاک پر غلام مجتبیٰ ملہی کے نام سے آئی ڈی بنا رکھی تھی، جس پر مقتول عبدالقادر نے کمنٹ کرتے ہوئے ملزم کے ذات سے متعلق نام پر اعتراض کیا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے مقتول کو ٹک ٹاک پر معافی نہ مانگنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ اسی رنجش کی بنا پر ملزم نے فائرنگ کرکے عبدالقادر کو قتل کر دیا۔گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔



