آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر کارکنان ضلع جہلم کے اعزاز میں اظہار تشکر اجلاس

آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر کارکنان ضلع جہلم کے اعزاز میں اظہار تشکر اجلاس
جہلم میں دعوت کتاب و سنت کے فروغ اور جماعتی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم (بیوروچیف): مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کی خصوصی دعوت پر گزشتہ روز 20 نومبر کو بعد از نمازِ مغرب جامعہ علوم اثریہ میں اظہارِ تشکر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع جہلم بھر سے جماعتی ذمہ داران، علمائے کرام، کارکنان اور احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد 15 نومبر کو لاہور میں منعقد ہونے والی آل پاکستان کانفرنس بسلسلہ’’ تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان‘‘ میں ضلع جہلم کے کارکنان کی بے مثال اور تاریخی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامرنے کہا کہ 15 نومبر کی عظیم الشان کانفرنس کے لیے ضلع جہلم سے 25 گاڑیوں پر مشتمل ایک فقید المثال قافلہ لاہور روانہ ہوا، جو ماضی کی تاریخ میں اہلِ جہلم کی نمائندگی کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کے مقدس مشن کے لیے اہلیانِ جہلم کے والہانہ جذبات اور نظم و ضبط کو مرکزی قیادت کی سطح پر بھی بے حد سراہا گیا ہے۔مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامرنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ مشاورت اور رابطے کے ان اجلاسوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلع جہلم میں اپنے تبلیغی نیٹ ورک اور مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جہلم کے پلیٹ فارم کو مزید منظم اور مستحکم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ایک مضبوط جماعت کی صورت میں کتاب و سنت کی خالص دعوت کو ضلع جہلم کے کونے کونے میں عام کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی جب کبھی جماعت کی طرف سے دعوت دی جائے گی، تو اہل جہلم اسی مثالی جوش و جذبے کے ساتھ لبیک کہیں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام کارکنان کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ان کے لیے خصوصی دعائیں کیں،اس موقع پر مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق نے بھی خطاب کرتے ہوئے کارکنان کے جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے لیے کارکنان کا جوش و خروش انتہائی قابلِ ستائش اور دیدنی تھا، جسے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جذبہ اس بات کا غماز ہے کہ اہلِ جہلم دین اسلام اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے کہا کہ کانفرنس سے قبل مسلسل دو ہفتوں تک اپنے بزرگ محسن و مربی حافظ عبدالحمید عامر اور ناظمِ تبلیغ مولانا سید قطب شاہ صاحب کی شبانہ روز محنت اور لگن کو دیکھ کر ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ جہلم کا یہ قافلہ نہایت کامیاب اور مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام جدوجہد کی بنیاد خالصتاً للہیت اور اخلاص پر مبنی تھی اور جس کام میں اخلاص شامل ہو جائے اس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی نصرت اور برکت نازل ہوتی ہے۔اجلاس میں شریک جماعتی احباب اور کارکنان نے بھی اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں تحفظ حرمین شریفین کے لیے اپنے دلی جذبات کے اظہار کا ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کیا۔ کارکنان نے ضلعی قیادت بالخصوص حافظ عبدالحمید عامر اور ناظمِ تبلیغ ضلع جہلم مولانا سید قطب شاہ صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور ترغیب و دعوت کے ذریعے پورے ضلع کے احباب کو یکجا کیا۔شرکائے اجلاس نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی مرکزی قیادت؛ امیر محترم سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ناظمِ اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور کانفرنس کے ناظم مولانا سید سبطین شاہ نقوی صاحب کی شبانہ روز کاوشوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ لاہور کے اس عظیم اجتماع میں اہلحدیثوں کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کو دیکھ کر اور اکابرین کے پُرمغز خطابات سن کر جہاں ہماری فکری و اصلاحی تربیت ہوئی، وہیں جماعتی قوت کے اظہار کا بھی بھرپور موقع میسر آیا۔نمازِ عشاء سے قبل جامعہ علوم اثریہ کی جانب سے اجلاس کے تمام شرکاء کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اس بابرکت تقریب، بہترین انتظامات اور میزبانی کو ہر حوالے سے بے حد سراہا اور اس عزم کے ساتھ رخصت ہوئے کہ آئندہ بھی دین حنیف اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اہل جہلم صفِ اول میں نظر آئیں گے۔



