
30 اگست کو صوبائی دارالحکومت پشاور میں 19 سال بعد کرکٹ کا ایک بڑا میچ کھیلا جا رہا ہے۔
جس میں شاہد آفریدی، یونس خان، سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی شریک ہوں گے۔
پشاور(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق 30 اگست کو صوبائی دارالحکومت پشاور میں 19 سال بعد کرکٹ کا ایک بڑا میچ کھیلا جارہا ہے جس میں شاہد آفریدی، یونس خان سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی شریک ہوں گے۔ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کریں اور کھیلوں سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیں۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد کرکٹ میچ ہوگا جس سے عوام کھیل سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ثواب دارین بھی حاصل کریں گے۔اس سلسلے میں پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ ٹکٹوں کی فروخت اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ تاجر برادری اور صنعت کاروں کو بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹکٹوں کی فروخت اور فنڈز اکٹھا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ عوام کی سہولت کے لیے پشاور شہر میں 20 مقامات پر ٹکٹ اسٹال قائم کیے گئے ہیں تاکہ ٹکٹوں کی خریداری آسان بنائی جاسکے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے نشتر ہال پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر تاشفین حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)پشاور بابر تنولی اور انتظامی افسران کے ساتھ ساتھ تاجر و صنعت کار برادری نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں تاجروں اور صنعت کاروں نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ ٹکٹوں کی فروخت اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔



