ڈیرہ غازی خان سے آزاد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان سابق چیئرمین

ڈیرہ غازی خان سے آزاد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان سابق چیئرمین لیبر اینڈ ہیومن ریسورس پی ایف سی ڈپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ ڈیرہ غازی خان
عامر محمود قریشی نے 5 جنوری، یومِ حقِ خود ارادیتِ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود آج بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی بھی طاقت ظلم و جبر کے ذریعے کسی قوم کی آزادی کی خواہش کو ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 5 جنوری 1949 کی قرارداد آج بھی مؤثر، قابلِ عمل اور بین الاقوامی قانون کا حصہ ہے، مگر بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور غیر قانونی قبضے کے باعث اس پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا۔ بھارت کا کشمیری عوام کو ان کے بنیادی اور تسلیم شدہ حقِ رائے دہی سے محروم رکھنا بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے عالمی معاہدوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عامر محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی اقدامات نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ مواصلاتی بندش، اظہارِ رائے پر قدغن، گھروں پر چھاپے، ماورائے عدالت قتل اور اجتماعی سزاؤں نے کشمیری عوام کی زندگی کو اذیت ناک بنا دیا ہے۔ معتبر بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق اب تک 90 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوئے، جبکہ ہزاروں سیاسی کارکنان، نوجوان اور کشمیری قیادت آج بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ پیلٹ گنز کے استعمال سے ہزاروں نوجوان بینائی سے محروم ہو چکے ہیں، جو انسانی تاریخ کے سیاہ ابواب میں شامل ہے۔
سابق
چیئرمین عامر محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر طاقت، جبر یا فوجی اقدامات سے کبھی حل نہیں ہو سکتا۔ اس کا واحد پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار استصوابِ رائے ہے، جس میں کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔
انہوں نے بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ سوچ اور ریاستی جبر کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس رویے نے نہ صرف خطے میں مستقل کشیدگی کو جنم دیا ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے امن کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ عامر محمود قریشی وزیراعظم پاکستان کے اس مؤقف کی مکمل تائید کرتا ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف بھارتی قابض افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہر عالمی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جانا چاہیے۔
عامر محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان کی عوام کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور دنیا کو یہ باور کراتا رہے گا کہ کشمیریوں کی جدوجہد نہ دہشت گردی ہے اور نہ بغاوت، بلکہ یہ ایک جائز، قانونی اور تسلیم شدہ حق کی پرامن تحریک ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ حقِ خود ارادیت ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں۔ پاکستان کی عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی، یہاں تک کہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی، قانونی اور اخلاقی حق مل جائے۔



