آٹے کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوتی بنیادی ضرورت
آٹے کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، آٹا جو ہر گھر کی بنیادی ضرورت اور روزمرہ خوراک کا اہم حصہ ہے، اب غریب اور متوسط طبقے کے لیے خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، جبکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
کم آمدن والے افراد، مزدور، دیہاڑی دار طبقہ اور محدود وسائل رکھنے والے خاندان اپنی آمدن میں گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پریشان ہیں۔ بجلی، گیس، بچوں کی تعلیم، علاج اور دیگر ضروری اخراجات کے ساتھ آٹے کی بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور بازاروں میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بنیادی غذائی ضرورت عام آدمی کی پہنچ میں رہے۔
عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن سے غریب عوام کو ریلیف مل سکے، کیونکہ بنیادی خوراک کی دستیابی اور مناسب قیمت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔



