
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سندھ چیپٹر کا کانووکیشن بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد۔
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے تعلیمی تعلق اس ادارے کی عظمت اور وقار کا واضح ثبوت ہے۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی تقریب سے خطاب
کراچی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کا کانووکیشن بحریہ آڈیٹوریم کارساز کراچی میں منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔ تقریب کی میزبانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔کانووکیشن میں یونیورسٹی کے تمام ڈینز، اساتذہ کرام، فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران کے علاوہ سندھ بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے سربراہان، مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور ممتاز سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے تعلیمی تعلق اس ادارے کی عظمت اور وقار کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر اس جامعہ کی طالبہ رہ چکی ہیں، جو یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ پوری قوم کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس تعلیمی ادارے کا مقصد عام آدمی تک تعلیم پہنچانا مقرر کیا، اور ابتدائی دور میں یہ اوپن یونیورسٹی دنیا کی چند ابتدائی اوپن یونیورسٹیوں میں شامل تھی۔ آج فاصلاتی تعلیم عالمی سطح پر ایک حقیقت بن چکی ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سندھ میں معیاری اور قابل اعتماد تعلیمی خدمات فراہم کر رہی ہے اور اس وقت سندھ میں یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جو عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ یونیورسٹی کا نیٹ ورک کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں مزید وسعت پائے گا اور نئے ماڈل اسٹڈی سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔کانووکیشن کے اختتام پر کامیاب طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ شرکاء نے تقریب کے شاندار انعقاد اور بہترین انتظامات کو سراہا۔



