
وفاقی وزیر داخلہ نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز بڑھانے کا پلان طلب کرلیا۔
عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ایسا پلان بنایا جائے کہ نادرا سینٹرز آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔محسن نقوی
اسلام آباد(نمائندہ کنول رباب)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 7 روز میں 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز بڑھانےکا پلان طلب کرلیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں وزیرداخلہ کو پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام پر بریفنگ دی گئی۔اس دوران وزیر داخلہ نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز بڑھانےکا پلان طلب کرلیا جب کہ انہوں نے کراچی، لاہور، پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید نادرا سینٹرز بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔محسن نقوی نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کیلئے مؤثر ایکشن کا بھی حکم دیا ہے۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا سینٹرز کے دورے کیے، حالات کا جائزہ لیا، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ایسا پلان بنایا جائےکہ نادرا سینٹرز آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔



