معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی 38 سے7 فیصد پر آگئی۔وفاقی وزیر خزانہ
ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔محمد اورنگزیب کا پریس کانفرنس
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزيب نےکہا ہےکہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور مہنگائی 38 فیصد سے7 فیصد پر آگئی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزيب نےکہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی آگئی، زر مبادلہ ذخائر بڑھ رہے ہيں، مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزيب نےکہا کہ امریکا میں موڈیز، فچ اور دیگر ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مثبت میٹنگ ہوئی، پاکستان کی معیشت مستحکم ہورہی ہے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جلد معاشی روڈ میپ پیش کریں گے، چاروں وزرائے اعلیٰ نے معیشت کی بہتری کے لیے تعاون کا یقین دلایا ہے، معیشت کی بہتری کے لیے مقررہ اہداف حاصل کرليں گے، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے تمام سیکٹرز کو کردار ادا کرنا ہے، ٹیکس ریونیو بڑھانےکے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ملک کے تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔