اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہرین کی رائے ہے کہ جولائی کے آخر تک کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک جا سکتی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا نیشنل کمانڈ آپریشن سینیٹر (این سی او سی) میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں بھی کورونا وائرس کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ کورونا کے مریض ہیں۔ جون کے آخر تک مریضوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا کہ حفاظتی تدابیر سے وبا کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ عوام سے بار بار اپیل کر رہے ہیں کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ تحقیق کے مطابق فیس ماسک کا استعمال کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں معاون ہے۔ فیس ماسک کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی یقینی بنائیں۔ احتیاط نہیں کریں گے تو کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئے گی۔ جتنی احتیاط کریں گے کورونا اتنا قابو میں رہے گا۔