
پولیس کو پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم۔
پولیس نے پی ٹی ائی کے حامیوں کو پکڑ کر پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا۔شعیب شاہین
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں اور انتخابی مہم چلانے والے کارکنوں کو ہراساں نہ کرے۔یہ حکم پی ٹی آئی امیدواروں شعیب شاہین اور علی بخاری کی انتخابی مہم روکنے اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا گیا۔شاہین نے چیف جسٹس عامر فاروق کو بتایا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے حامیوں کو پکڑ کر پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں بلایا اور دھمکی دی کہ اگر ریلی نکالی تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔علی بخاری نے موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو دور رہنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔بعد ازاں چیف جسٹس فاروق نے حکام کو حکم دیا کہ وہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے باز رہیں۔



