
اسلام آباد: جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی اور ان کے سامنے مطالبات پیش کئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کی سربراہی میں ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں شوگر انکوائری اور مبینہ منی لانڈرنگ کے بارے میں بات کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان ملاقات کیلئے آئے وفد کی توجہ سے گفتگو سنی لیکن جہانگیر ترین کے حوالے سے کمیشن بنانے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہم خیال گروپ کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ آُپ لوگ مجھ پر بھروسہ رکھیں، کسی کیساتھ بے انصافی نہیں ہوگی۔
وزیراعظم کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، انہوں نے جہانگیر ترین کے معاملے میں ہر صورت انصاف کا یقین دلایا ہے۔ اس کے علاوہ شہزاد اکبر کا معاملہ بھی وزیراعظم کے علم میں لایا گیا، تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ آُپ سب لوگ میرے ساتھی ہیں، کسی مخالف کیساتھ بھی ناانصافی نہیں ہوگی، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔



