نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیر صدارت

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیر صدارت مورو سے رانی پور تک زیر تعمیر نیشنل ہائی وے این 5 کے جاری کام کو تیز کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس آج کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ مورو سے رانی پور تک نیشنل ہائی وے (N-5) کا زیر تعمیر کام سست رفتاری کے باعث حادثات رونما ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اس لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو چاہیے کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ روڈ کی تکمیل کے بعد عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو مزید ہدایت دی کہ مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور فلڈ لائٹس کی مدد سے دن رات این 5 کے مرمتی و تعمیراتی کام کو یقینی بنایا جائے۔جبکہ رات کے وقت ڈرائیوروں کی رہنمائی کے لیے عملہ تعینات کیا جائے اور سائن بورڈز، ریفلیکٹنگ پٹیاں اور دیگر ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو اور انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔کمشنر نے موٹروے پولیس کے افسران کو ہدایت دی کہ این 5 کے زیر تعمیر کام کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے اور اوور ٹیکنگ و تیز رفتاری کے مرتکب ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی جائے کمشنر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے مورو عمران شیخ نے بتایا کہ مورو سے رانی پور تک نیشنل ہائی وے (N-5) کی مرمت اور تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کی آمد و رفت کے باعث کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ این 5، 86 کلومیٹر پر مشتمل ہے جس میں سے 20 کلومیٹر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ این 5 ذکا کام 2 حصوں (لاٹ ون اور لاٹ ٹو) پر مشتمل ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم اور موٹروے پولیس کے افسران نے بھی نیشنل ہائی وی این 5 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون محمد ابراہیم عالمانی، ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔



