اہم خبریںپنجاب

لانگ مارچ، کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان اور فیصل جاوید سمیت متعدد افراد زخمی

وزیرآباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فیصل جاوید سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جس کی تصدیق فواد چودھری نے کی ہے

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اس وقت وزیرآباد کی جانب رواں دواں ہے اور اس کی اگلی منزل شہر میں جلسہ کرنے کی ہے، اس دوران عمران خان کے کنٹینر کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال میں علاج کے لئے منتقل کردیا گیا ہے، زخمی ہونے والوں میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید، پی ٹی آئی رہنما احمد چھٹہ بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو میں سے ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، عمران خان کو پنڈلی پر گولی لگی ہے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کا نام فیصل بٹ ہے، حملہ آور نے فائرنگ کے لئے اے کے 47 رائفل کا استعمال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے قریب ہونے والی فائرنگ کے بعد عمران خان الحمد للہ محفوظ ہیں، ہماری گراؤنڈ ٹیم کے مطابق مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ واقعہ اللہ ہو چوک وزیرآباد کے قریب پیش آیا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور سی پی او گجرات کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے، فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

لانگ مارچ ، کنٹینر کے قریب فائرنگ، ایک کارکن شہید ہو گیا: اعجاز چودھری کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ کے باعث ایک کارکن شہید ہو گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے کل رات احمد چٹھہ کو فون پر بتایا تھا کہ وزیرآباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہو گا، سو قاتلانہ حملہ ہو گیا۔

انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک کارکن شہید ہوگیا اور ہمارے 4 لیڈر زخمی ہوئے۔

اعجاز چودھری نے ایک شعر بھی لکھا

تمہی نے چھیڑ دیا موت و زندگی کا سوال
اب اس سوال کے زندہ جواب اُبھریں گے

پرویز الٰہی کا نوٹس

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے، فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ عمران خان خیریت سے ہیں۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You