اہم خبریںپاکستان

قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے، والہانہ استقبال، پھول نچھاور

اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔

عزت اور پیار ملنے پر بہت خوش ہوں: ارشد ندیم

آبائی شہر میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:خوش آمدید! قومی ہیرو ارشد ندیم کا پاکستان پہنچنے پر فقید المثال استقبال

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں، ملک اور پاکستانی عوام کی بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کیلئے دعائیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ استقبال کیلئے اپنے بیٹے کا گھر پر انتظار کر رہی ہوں، بیٹا گھر پہنچے گا تو ہم مل کر خوشیاں منائیں گے، بیٹے کی گھر آمد پر جو خوشی ہوگی اس کو بیان نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ رات گئے ارشد ندیم ترکش پرواز سے رات 1 بج کر 25 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود، صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے قومی ہیرو کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایئرپورٹ سٹیٹ لاؤنج میں ارشد ندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، بیٹے کے استقبال کے دوران والد جذباتی ہوگئے جبکہ خود ارشد ندیم کی آنکھیں بھی پُرنم دکھائی دیں، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

مینز جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا، ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You