
فیلڈ مارشل نے ثابت کیا فوج میں بھی کوئی افسر قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔وفاقی وزیر
عمران خان اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ تھا، فیض حمید کی سزا کسی حکومت کی فتح نہیں۔طارق فضل چوہدری
اسلام آباد(نمائندہ نازش جبین) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا گٹھ جوڑ تھا، فیض حمید کی سزا کسی حکومت کی فتح نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھاکہ فوج کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسی مثال نہیں ملتی، فیض حمید کو ان کی مرضی کی لیگل ٹیم فراہم کی گئی اور میرٹ پر فیصلہ قانون کی فتح اور آئین کی سربلندی ہے، یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔انہوں نے کہا کہ 4 الزامات ثابت ہونے پر14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی، جب آپ ریاستی منصب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں تو اس کے نتائج ہوتے ہیں، وہ سمجھتے تھے کہ جو کچھ کررہاہوں حساب نہیں دینا پڑے گا، نواز شریف کو غیر آئینی طریقے سے ان کے منصب سے ہٹایا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ تھا ، فیض حمید کی سزا کسی حکومت کی فتح نہیں ، فیلڈ مارشل نے ثابت کیا فوج میں بھی کوئی افسر قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ جنگ میں بڑی فتح حاصل کی،اس وقت دنیا میں پاکستان کو منفرد پذیرائی مل رہی ہے جو پہلے نہیں ملی، ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، دنیا میں کوئی ملک نہیں جس نے چالیس لاکھ مہاجرین کی مہمان نوازی کی ، ہم دہشتگردی کے ذمہ دار افغان عوام کو نہیں افغان رجیم کو سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی متعدد بار ملاقاتیں کرائی گئیں، بانی پی ٹی آئی جیل کو ایسا استعمال کررہے ہیں جیسے پارٹی سیکریٹریٹ ہو، بانی پی ٹی آئی ریاست اور اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہےہیں، پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے ، منفی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں ، پی ٹی آئی کا منفی بیانیہ ایکسپوز کرنا ہماری ذمے داری ہے۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا رویہ عدم تعاون کا ہے، آپریشن کا شوق کس کو ہے ؟ ان آپریشن میں فوج کا جانی نقصان ہوتا ہے، فوج کے جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جانوں کی قربانیاں دیں۔



