
فنگرپرنٹ تصدیق میں دشواری کا مسئلہ ختم، نادرا میں فَیس بائیو میٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز
چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے، پاک آئی موبائل ایپ پر بھی چہرے کی شناخت سے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت دی گئی ہے۔نادرا اعلامیہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق نادرا کی جانب سے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے بزرگوں یا طبی مسائل کے باعث شہریوں کو فنگر پرنٹس کی تصدیق میں دشواری کا مسئلہ ختم ہوگیا۔نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر نادرا نے کئی اقدامات کیے ہیں، قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کے ذریعے بائیو میٹرک کی تعریف وسیع کردی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے، پاک آئی موبائل ایپ پر بھی چہرے کی شناخت سے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت دی گئی ہے، 20 جنوری سے نادرا مراکز میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک تصدیقی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوگا۔نادرا کا کہنا ہے کہ شہری ضرورت پڑنے پر معمولی فیس کے عوض سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے، فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر شہری قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جائے گا، چہرے کی شناخت کی کارروائی مکمل ہونے پر نادرا ایک سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، اس پر تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ ہوگا، یہ سرٹیفکیٹ 7 دن کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔اعلامیے کے مطابق نادرا اس نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، متعلقہ سرکاری و نجی اداروں سے ضروری اقدامات کی درخواست کردی گئی ہے، 20 جنوری کے بعد اس سہولت کی دستیابی سے متعلق شکایت پر متعلقہ ادارے یا محکمے کو شکایت کریں، ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہو گی۔



