عنوان : موم بتی اور شمع پذیر شخصیت

عنوان : موم بتی اور شمع پذیر شخصیت
تحریر :عشاء سہیل جہلم
پرانے وقتوں میں روشنی کے لئے موم بتی کا استعمال کیا جاتا تھا۔ ایک موم بتی عموماً محلے کی تمام موم بتیوں کو روشن کرتی تھی اور اس طرح ایک موم بتی سے سارا محلہ روشن ہوجاتا تھا۔فرض کریں کہ وہ ایک موم بتی آپ ہیں جس سے ہزاروں اور کو روشن کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ابتدا میں ہر ایک شخص کے ذہن میں یہی سوال پیدا ہوتا ہے کہ میں اکیلا اتنا سب کیسے کر سکوں گا؟تو یاد رکھیں کہ ہر ایک چمکنے والی چیز ازل سے لے کر ابد تک اکیلی ہی ہے۔ جیسے کہ سورج اور چاند۔ آپ دوسروں کی زندگیوں کو روشن کرنے کے لیے موم بتی کا کام کر سکتے ہیں۔یعنی ہو سکتا ہے کہ آپ کے ہدف، آپ کی تقریر ،آپ کی ذہانت اور آپ کے علم سے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں روشن ہوجائیں اور ایسا کرنے سے آپ کے علم، ذہانت اور قابلیت میں کمی نہیں آئے گی بلکہ بانٹنے سے تاریکیاں اجالے میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔آپ کی ایک شمع پذیر شخصیت سے ہزاروں کو روشن کیا جا سکتا ہے اور پھر ان ہزاروں سے لاکھوں کو روشن کیا جاسکتا ہے اور ان لاکھوں سے کروڑوں کو روشن کیا جاسکتا ہے اور اس طرح جس کام کا آغاز آپ نے اکیلے کیا تھا شاید اس کا اختتام دنیا ختم ہونے پر ہو۔لیکن کئی لوگ ایسا کام کرنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ انہیں اسی بات کا خوف ہوتا ہے کہ وہ اکیلے ہیں۔ ان کا ساتھ کوئی نہیں دے رہا اور اگر کچھ غلط ہوگیا تو میں کیا کروں گا؟البتہ سوچنا یہ چاہیے کہ مجھے کسی بات کا کوئی خوف نہیں ہے۔ میں اکیلا نہیں ہوں بلکہ میرے ساتھ اللہ تعالی کی ذات موجود ہے اور میں اسی ذات کی مخلوق کو فائدہ پہنچانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہوں۔جو بھی ہوگا میرے لئے بہترین ہوگا۔یقین کریں آپ جلد ہی کئی لوگوں کی زندگیاں روشن کر سکیں گے۔اس کے برعکس اگر آپ ایسی موم بتی جیسی شخصیت کے حامل ہوں گے جس کے پاس ہزاروں موم بتیوں کو روشن کرنے کا موقع بھی ہو لیکن بجائے انہیں روشن کرنے کے آپ صرف خود کو روشن رکھیں گے تو یقین کریں کہ آپ سے زیادہ بد نصیب شخص اور کوئی نہیں۔ کیونکہ ایک موم بتی چاہے کتنی ہی روشن کیوں نہ ہو اس کی روشنی صرف ایک کمرے تک محدود ہوتی ہے۔اسی طرح آپ چاہے کتنے ہی ترقی یافتہ کیوں نہ ہوں لیکن جب تک آپ دوسروں کو اپنی کامیابی اور ترقی میں شامل نہیں کریں گے تب تک آپ کی ترقی اور کامیابی صرف خود تک محدود ہو گی۔آپ اسی طرح کسی دن اس دنیا سے کوچ کر جائیں گے اور آپ کی غیر موجودگی کا احساس کسی کو نہ ہو گا کیونکہ آپ نے ساری زندگی صرف خود کو ہی روشن رکھا۔



