جہلم

عقیدہ توحید مسلمان کے افکار و نظریات کی اساس ہے۔پروفیسر عبداللہ ناصر رحمانی کا سالانہ جلسہ

عقیدہ توحید مسلمان کے افکار و نظریات کی اساس ہے۔پروفیسر عبداللہ ناصر رحمانی کا سالانہ جلسہ سے خطاب

تحفظ ختم نبوت اور ناموس صحابہ ہماری دعوت کا بنیادی نکتہ ہے۔حافظ عبدالحمید عامر

جہلم ( محمد زاہد خورشید )تحفظ ختم نبوت اور ناموس صحابہ ہماری دعوت کا بنیادی نکتہ ہے، یہ دونوں ہی ہمارے ایمان کا جزو لا ینفک ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے 42ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و تقریب صحیح بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اصلاح معاشرہ میں علمائے کرام کی کاوشوں کا کوئی منصف مزاج شخص انکار نہیں سکتا۔ اس پر فتن دور میں بھی جو کچھ حد تک اسلامی اقدار کی احیاء باقی ہے، اس میں علمائے دین کی کاوشیں اور مدارس دینیہ کا کردار قابل فخر اور دل آفریں ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ وعظ و تبلیغ میں داعیان اسلام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ عوام الناس کی اصلاح اور تعلیم و تربیت میں مثبت رویوں کو پروان چڑھائیں اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی منفی سوچ اور عدم برداشت کو کم کرنے میں اپنا بھرپور کردار کریں، اپنے اختلافات میں ادب و آداب اور اپنے اسلاف کے اسلوب کا لازمی طور پر خیال کریں۔ محدث العصر علامہ عبداللہ ناصر رحمانی آ ف کراچی نے کہا کہ امام بخاری رحمہ اللہ محدثین کرام میں ایک تابندہ و درخشندہ ستارہ ہیں۔ جنہیں محدثین کرام میں بہت بلند مقام حاصل ہے۔ ان کی کتاب ”صحیح بخاری شریف“ تمام کتب احادیث میں امتیازی مقام رکھتی ہے۔ جس میں آپ نے بڑی جانچ پھٹک کے ساتھ صحیح احادیث کا خوبصورت مجموعہ ترتیب دیا، انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ توحید مسلمان کے افکار و نظریات کی اساس ہے،ہر عبادت کی قبولیت کے لیے توحید لازمی شرط ہے، لہٰذا مسلمانوں کو عقیدہ توحید جو رأس الاسلام ہے کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ جامعہ علوم اثریہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری آف جہلم نے کہا کہ الحاد کے فتنے کے ساتھ آج انکار حدیث کا فتنہ بھی پورے عروج پر نظر آتا ہے، دینی تعلیمات سے صحیح طور پر ناآشنا بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ شاید مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے صرف قرآن ہی کافی ہے،لیکن حقیقت یہ ہے کہ احادیث نبویہ کو نظر انداز کرکے کوئی بھی شخص راہ ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔نیز انہوں نے کہا کہ ملک میں الحاد، جدیدیت، انکار حدیث، مادہ پرستی، توہین صحابہ اور ختم نبوت کے حوالے سے کئی ایک فتنے سر اُٹھا رہے ہیں، جن سے ہمیں ہر وقت بیدار رہنا چاہیے۔ناظم سیاسی امور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور فرزند شہید ملت علامہ معتصم الٰہی ظہیر آف لاہورنے کہا کہ ختم نبوت کے منکر مرزا قادیانی کی موت دنیا کیلئے عبرت ہے اور صحابہ کرام کی گستاخی پر ملک میں سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا و آخرت کی فلاح رسول کائنات کی اطاعت و فرماں برداری میں رکھی ہے۔ مولانا سید سبطین شاہ نقوی آف سرگودھا نے کہا کہ انسانیت کا سب سے بڑا ظلم اور ناانصافی اللہ رب العزت کی ذات کے ساتھ شرک کرنا ہے،توحید کی ترویج معاشرے میں امن و سلامتی اور رحمت الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔مولانا یٰسین حیدر آف ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ مدارس اسلام کی چھاؤنیاں ہیں اور یہاں سے اسلام کے محافظ اور جرنیل پیدا ہوتے ہیں۔ نیز انہوں نے کہا کہ گمراہی و ضلالت سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ تمام نظریات میں ہم اپنے اسلاف کا راستہ اختیار کریں۔ صحابہ کرام اسلام کے اولین پاسبان ہیں، ان کے بارے میں زبان طعن دراز کرناحقیقت میں ذخیرۂ حدیث پر اعتراض کرنا ہے جو کہ اللہ کی وحی پر اعتراض کرنے کے مترادف ہے۔مولانا بنیامین عابدآف اوکاڑہ نے کہا ہے کہ دین تعلیم کا اصل مقصد عمل ہے، تخلیق انسانیت کے دو مقاصد ہیں، ایک اللہ تعالیٰ کی عبادت کی ڈیوٹی اور دوسرا اس ڈیوٹی کے دورانیے میں احسن انداز اختیار کرکے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا ہے۔اہل حدیث یوتھ فورس کے صدر حافظ سلمان اعظم آف ڈسکہ نے کہا کہ صحابہ کرام کی عزت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ان کے خلاف کسی بھی طرح کی زبان درازی انسان کوضلالت و گمراہی کی طرف دھکیل دیتی ہے اورہم اس ملک میں اپنے اسلاف کے اسلوب و منہج کو لے کر چل رہے ہیں اور اسی کے معاشرے میں ترجمان ہیں۔مولانا یوسف پسروری آف لاہور نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام اخلاق و کردار اور دیگر پہلو ہائے زندگی میں ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ معاشرے میں باہمی محبت و الفت اور بھائی چارے کو عام کرنے کے لیے اخلاق نبوی کی پیروی حتمی اور یقینی حل ہے۔مولاناسیف اللہ خالد ملتانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاں قرآن کریم کی حفاظت کاذمہ لیا ہے وہیں پر حدیث کی حفاظت کا بھی ذمہ اُٹھا رکھا ہے۔ قرآن کی طرح حدیث بھی وحی الٰہی ہے اور حدیث کی حجیت مسلمانوں کے ہاں مسلمہ ہے۔ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مدیر الجامعہ حافظ أحمد حقیق،حافظ عبدالغفور مدنی، مولانا سعد محمد مدنی، مولانا عکاشہ مد نی اور مولانا عمر عبدالحمید نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر جامعہ سے سند فراغت اور مختلف انعامی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 74 طلباء میں اسناد و انعامات تقسیم کیے۔ اس تقریب صحیح بخاری شریف اور جلسہ تقسیم اسنادمیں جہلم کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، میرپور آزاد کشمیر، گوجر خان، کلرسیداں، دولتالہ اور دیگر علاقوں سے بھاری تعداد میں لوگوں نے قافلوں کی صورت میں جوق در جوق شرکت کی۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You