دہشتگردوں کے خاتمے میں پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں:سید راشد حسین بخاری

دہشتگردوں کے خاتمے میں پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں:سید راشد حسین بخاری
رواں برس اب تک 588سیکورٹی اہلکار دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہوچکے ہیں:گفتگو
دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری پاکستانی قوم کو سیکورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا:نائب صدر
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری کی دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے میں پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،ایک عالمی رپورٹ کے مطابق ملک میں رواں برس اب تک 588سیکورٹی اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوچکے ہیں اس کے باوجود اگر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکا تو حکام کو اُن عوامل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شدت پسند عناصر امن و امان کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں،گوکہ دہشت گردی ایک ملک گیر معاملہ ہے لیکن اس کے تدارک کی ذمہ داری محض سیکورٹی اداروں پر نہیں ڈالی جاسکتی اس کے خاتمے کے لئے پوری پاکستانی قوم کو افواج پاکستان سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ شرپسند عناصر کا حقیقی معنوں میں قلع قمع ممکن ہو۔ان خیالات کا اظہار دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر میں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ نشانے پر ہیں اس تناظر میں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ دونوں صوبائی حکومتوں نے اپنے اپنے صوبوں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں اور وہ انہیں اس میں کس حد تک کامیابی ملی۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے کردار کو کسی طور بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس کی شروع دن سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ کسی طرح پاکستان کو نقصان پہنچاتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم کو مکمل کرے،اب اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا وقت آن پہنچا ہے کیونکہ اس حوالے سے مزید خاموشی کسی بھی بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
15-11-2024



