راولپنڈی (افتخار خٹک) ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن شہناز اختر نے 12 سال سے کنٹریکٹ ملازمین

راولپنڈی (افتخار خٹک) ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن شہناز اختر نے 12 سال سے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لئے ضابطے کی کاروائی مکمل کرنے کی ہدائیت کردی ہے اور آل پاکستان لیکچرر اسسٹنٹ ایسوسی ایشن (ایپلا) پنجاب کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایسوسی ایشن پنجاب کی صدر شاہدہ مشتاق قاضی کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سجاد حسین اور سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی ڈویژن ملک جمیل اعوان بھی موجود تھے وفد نے نو تعینات شدہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو نئی ذمّہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی وفد میں ایپلا کے ڈویژنل صدر ہارون رشید، محمد ساجد، بنارس، لا افسر صفدر عباسی، لا افسر ملک وقاص، ڈاکٹر وسیم، میڈم صفیہ ، پروفیسر میمونہ اور میڈم صدف سمیت دیگر شامل تھے وفد ڈائریکٹر کالجز سمیت ڈائریکٹوریٹ کے افسران کو 1998ـ99 میں راولپنڈی کے کالجوں میں بھرتی ہونے والے ملازمین کے تقریباً 12 سال کی کنٹریکٹ ملازمت کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی تفصیلات اور لیکچراسسٹنٹ کیڈرز کی پرموشنز، سینارٹی لسٹ و دیگر مسائل سے آ گاہ کیا گیا جس پر ڈائریکٹر کالجز نے معاملات کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی مکمل یقین دہانی کروائی ڈائریکٹر کالجز نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر تعلیم کے ویژن کے تحت ہمارا مقصد نہ صرف عام آدمی کے لئے تعلیم کے حصول کو سہل بنانا ہے بلکہ محکمہ تعلیم کے ملازمین کے دیرینہ مسائل کا حل بھی اولین ترجیح ہے اس موقع پر ایپلا کی صدر شاہدہ مشتاق نے ڈائریکٹوریٹ کے زیر انتظام ڈویژنل سطح پر نعت اکیڈمی کے قیام کی تجویز بھی دی جسے ڈائریکٹر کالجز نے سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ نعت اکیڈمی کے قیام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی (افتخار خٹک) راولپنڈی پولیس نے چوری و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب گھریلو ملازمہ سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر کے 11 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور 7 موٹر سائیکل برآمد کر لئے تھانہ صدر بیرونی پولیس نے تین ہفتے قبل شہری کے گھر سے طلائی زیورات چرا کر فرار ہونے والی گھریلو ملازمہ گرفتار کر کے طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 11 لاکھ روپے برآمد کر لی پولیس کے مطابق گرفتار گھریلو ملازمہ کے شوہر اور چوری کا زیور خریدنے والے جیولر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے گھریلو ملازمہ نے گھر سے طلائی زیورات چرائے اور خاوند کے ساتھ ملکر جیولر شاپ پر فروخت کر دئیے تھے ادھر تھانہ صادق آباد پولیس نے سٹریٹ کرائم و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب 2 ملزمان گرفتار کر کے 7 مسروقہ موٹرسائیکل اور چھینی گئی رقم برآمد کر لی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی (افتخار خٹک) میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT-2026) ٹیسٹ 16 اگست کو راولپنڈی میں ہوگا 6240 طلبا و طالبات امتحان میں شریک ہوں گے اس مقصد کے لئے راولپنڈی میں 3 بڑے امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ انتظام ایم ڈی کیٹ امتحانات کے شفاف و پرامن انعقاد اور فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی صدارت میں گزشتہ روز ڈی سی کمپلیکس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملیحہ سحر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر، محکمہ تعلیم، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز، پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں یو ایچ ایس کے زیرِ اہتمام ایم ڈی کیٹ امتحان کے لئے 3 امتحانی مراکز، بارانی یونیورسٹی، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اور صدیق پبلک سکول میں قائم کئے گئے ہیں جہاں مجموعی طور پر 6,240 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے امتحانی انتظامات کی فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملیحہ سحر ہوں گی جو تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور انتظامات کی نگرانی کریں گی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ انتظام منعقد ہونے والا ایم ڈی کیٹ ہزاروں طلبہ و طالبات کے مستقبل سے وابستہ ایک اہم امتحان ہے لہٰذا اس کے انعقاد میں شفافیت، میرٹ، نظم و ضبط اور سکیورٹی کے اعلیٰ ترین معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ 16 اگست کو ہونے والے امتحان کے لئے سوالیہ پرچوں اور دیگر امتحانی مواد کی فول پروف سکیورٹی، امتحانی مراکز پر امیدواروں کے لئے تمام بنیادی سہولیات، والدین کے لئے مناسب انتظار گاہ، پارکنگ، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، طبی امداد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مؤثر انتظامات مکمل کئے جائیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ یو ایچ ایس کے زیرِ اہتمام ایم ڈی کیٹ امتحانات پرامن، شفاف اور خوش اسلوبی سے منعقد ہوں اور کسی بھی مرحلے پر سکیورٹی یا انتظامی امور میں کوئی کوتاہی نہ رہنے پائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی (افتخار خٹک) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ناقص اور مضر صحت گوشت سپلائر کیخلاف کاروائی میں نیو چاکرہ روڈ کے پاس ناکہ لگا کر گوشت سے بھری گاڑی کو پکڑ لیا گاڑی میں موجود 11 من سے زائد گوشت تلف کر کے فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ موقع سے ایک شخص گرفتار کر کے پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے لیا فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق 11 من سے زائد گوشت کو گاڑی میں چھپا کر لایا جارہا تھا ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کی جانچ کرکے اسے انتہائی مضر قرار دیا ناقص اور مضر صحت گوشت کو فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے تلف کردیا۔ ملزمان کیخلاف تھانے میں مقدمہ درج کر کے ایک شخص موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ پولیس نے گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔



