جامعہ کراچی: شعبہ عربی میں تزئین و آرائش اور شجر کاری منصوبے کی افتتاحی تقریب

*جامعہ کراچی: شعبہ عربی میں تزئین و آرائش اور شجر کاری منصوبے کی افتتاحی تقریب*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ عربی میں گزشتہ روز تزئین و آرائش اور شجر کاری منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد تدریس و تعلم کے لئے ایک خوشگوار، پُر کشش اور موثر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، جو شعبے کے علمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف ادارے برانڈ لیس کے ڈائریکٹر عبید الرحمٰن تھے، جن کی کمپنی نے شعبہ عربی کی تزئین و آرائش اور شیشے کے کام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر عبید الرحمٰن نے شعبہ عربی کے ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کے لئے اسکالرشپس کے اجراء کا اعلان بھی کیا۔ ان کے اس فراخدلانہ اقدام سے طلبہ کو علمی میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی اور تعلیمی ترقی میں مدد ملے گی۔ شعبہ عربی کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمٰن سیفی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبے کی تزئین و آرائش اور شجر کاری نہ صرف ظاہری خوبصورتی میں اضافہ ہے بلکہ یہ ایک صحت مند اور ماحول دوست تعلیمی فضا کی تشکیل کی جانب بھی ایک مؤثر قدم ہے۔
تقریب کا اختتام شکریہ کے کلمات اور اس عزم کے ساتھ ہوا کہ جامعہ کراچی میں تعلیمی اور انتظامی ماحول کو مسلسل بہتر بنایا جاتا رہے گا تاکہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لئے ایک مثالی اور ترقی یافتہ فضاء قائم کی جاسکے۔



