اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک پرحملے

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے پہلے ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے کیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ریلوے سٹیشن پر توڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی جس سے ریلوے کا نظام معطل ہوگیا، ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے بد نیتی پر مبنی کارروائیاں ہیں۔
فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ٹرین نظام کو مفلوج کرنا تھا اسی لیے بڑے پیمانے کا حملہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بڑی تعداد کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب، ساڑھے 10 ہزار ایتھلیٹس حصہ لیں گے
ان حملوں کا ا اثر بین الاقوامی یوروسٹار سروسز پر بھی پڑا ، جو کہ برطانیہ، فرانس، بیلجیم، نیدرلینڈز اور جرمنی کو جوڑتی ہیں۔
واضح رہے کہ اولمپک گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہورہی ہے، اس میگا ایونٹ میں 206 ممالک سے 10 ہزار 500 ایتھلیٹس حصہ لیں گے ، پیرس اولمپک گیمز 11 اگست تک جاری رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، جہاں افتتاحی تقریب کیلئے 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ گیمز کے دوران ان اہلکاروں کی تعداد 45 ہزار تک کردی جائے گی۔



