جہلم (بیورورپورٹ) جہلم کے نواحی علاقے رجی پور، ٹاہلیانوالہ کے رہائشی برطانوی شہری راجہ بلال

جہلم (بیورورپورٹ) جہلم کے نواحی علاقے رجی پور، ٹاہلیانوالہ کے رہائشی برطانوی شہری راجہ بلال نے اپنی وراثتی اراضی کے ریکارڈ میں مبینہ جعلسازی، ردوبدل اور زائد از حصہ اراضی فروخت کیے جانے کے خلاف حلقہ پٹواری سمیت محکمہ مال کے متعلقہ،افسران،و، اہلکاروں کے خلاف ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام سے رجوع کرلیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو بھی تحریری درخواست دے دی گئی ہےتفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری راجہ بلال نے پریس کانفرنس کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ ان کی عدم موجودگی کا مبینہ فائدہ اٹھاتے ہوئے حلقہ پٹواری اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے ان کی وراثتی جائیداد کے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کرکے مبینہ طور پر زائد حصے کی فرد جاری کی، جس کی بنیاد پر اراضی فروخت کردی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان کے پاس دستاویزی شواہد بھی موجود ہیں۔
راجہ بلال کے مطابق ان کے والد کی وراثتی جائیداد میں سے ان کے قانونی حصے کے 13 مرلے کم کرکے خاندان کے دیگر افراد کے حصے میں رقبہ بڑھایا گیا، جبکہ ان کے حصے کی اراضی بھی مبینہ طور پر فروخت کردی گئی۔ متاثرہ شہری کا دعویٰ ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی جانب سے کی جانے والی چھان بین میں مذکورہ اراضی سے متعلق 23 انتقالات سامنے آئے ہیں۔
راجہ بلال نے الزام عائد کیا کہ حلقہ پٹواری عبدالخالق کی جانب سے زائد رقبے کا فرد جاری کرکے ان کی وراثتی اراضی کی فروخت کا راستہ ہموار کیا گیا۔ انہوں نے اس معاملے کو محکمہ مال کے ریکارڈ اور فردِ بدر میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے مکمل ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ذمہ داران کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم اور محکمہ اینٹی کرپشن کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں، مبینہ ریکارڈ میں ردوبدل کی حقیقت سامنے لائی جائے اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ و فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے



