وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ریونیو سے متعلق شہریوں کی شکایا ت کے ازالہ کے لئے مسلسل 6 ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کے دوران 40 ہزار شکایات موصول ہوئیں،
ان میں سے 98 فیصدکا ازالہ کر دیا گیا ہے، شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ریونیو عوامی سروسز سے رجوع کر نا ان کے بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کااظہار سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو بابر حیات تارڑنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ز گجرات میں بات چیت کے دوران کیا، انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کے ہمراہ گجرات اور کھاریاں میں ریونیو عوامی سروسز کا مشاہدہ کیا اور خود بھی شہریوں کی شکایات سنیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق اکتوبر2020 سے ہر ماہ کے پہلے ورکنگ ڈے کو صوبہ بھر کے اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں ریونیو عوامی سروسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں ڈپٹی کمشنرسے پٹواری تک ریونیو اور لینڈ ریکارڈ کا عملہ موجو د ہوتا ہے اور فرد اجرا، انتقالات ملکیت، معائنہ ریکارڈ،درستگی ریکارڈ،ڈومیسائل سمیت متفرق نوعیت کے ریونیو مسائل اور شکایات پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی موجودگی میں اوسطً ہر 4 منٹ بعد ایک فرد اپنی شکایت لے کر پیش ہوا اور بیشتر مسائل حل کر دیئے گئے ہیں۔ سینئر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ ریونیو عوامی سروسز کے ایونٹس کا مقصد شہریوں کی مشکلات کا بر وقت ازالہ ہے اپنے مسائل کے حل کے لئے شہری جس طرح ریونیو عوامی سروسز سے استفادہ کررہے ہیں یہ اس کی کامیابی ہے۔ بعدازاں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو با بر حیات تارڑ اسسٹنٹ کمشنر آفس کھاریاں پہنچے اور وہاں لگائے گئے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور خود بھی شہریوں سے مسائل دریافت کئے۔ دریں اثناء ریو نیو عوامی سروسز میں آنے والے شہریوں نے مسائل کے حل کے لئے موثر فورم کی فراہمی پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔