لاہور: پنجاب حکومت نے بھی ہفتے میں 2 دن پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس میں کہا گیا کہ صرف میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت ہوگی، ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی، پابندی کا اطلاق 10 اپریل سے ہو گا۔ متعلقہ سٹاف کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 103 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 184 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 35 ہزار 569، سندھ میں 2 لاکھ 66 ہزار 926، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 33، بلوچستان میں 19 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 61، اسلام آباد میں 62 ہزار 211 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار 362 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 158 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 103 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 675، سندھ میں 4 ہزار 510، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 469، اسلام آباد میں 584، بلوچستان میں 211، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 372 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔