خیبرپختون خواہ

پشاور یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کا پہلا سٹارٹ اپ کوہورٹ لانچ

پشاور یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کا پہلا سٹارٹ اپ کوہورٹ لانچ۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر کا تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت۔

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق یونیورسٹی آف پشاور کے بزنس انکیوبیشن سینٹر (BIC) نے تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے جمعرات کے روز اپنے پہلے سٹارٹ اپ کوہورٹ کا آغاز کیا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر تھے جبکہ انکے علاوہ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی،دیگر تدریسی عملے،صنعتی شعبے سے وابستہ حضرات اور ابھرتے ہوئے کاروباری افراد نے تقریب میں شرکت کی۔بزنس انکیوبیشن سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر شکیل خان نے افتتاحی خطاب میں اس سینٹر کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح یہ سینٹر نوجوان کاروباری افراد کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر نے بزنس انکیبیوشن سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ یہاں پر کاروبار اور صنعتکاری کو فروغ حاصل ہو سکیں اور صوبہ معاشی طور پر مستحکم ہوں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہاں پر کاروبار کی آسانی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔تقریب سے چیمبر آف کامرس کے سابق صدر فواد اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے انکیوبیشن سینٹر کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور نوآموز کاروباری اداروں کے لیے رہنمائی اور معاونت کی پیشکش کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی نے سٹارٹ اپس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس سنگ میل کو یونیورسٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یونیورسٹی آف پشاور کے اس عزم کو دہرایا کہ تعلیمی ادارے کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ کاروباری جدت طرازی اور تحقیق کا مرکز بھی بنانا ہے۔صنعتی رہنماؤں نے بھی اس اقدام کی حمایت کا اظہار کیا۔سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر فضل مقیم خان نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، برٹش کونسل کی نمائندہ محترمہ طاہرہ کلیم نے نوجوان کاروباری افراد کے لیے عالمی سطح پر تعاون اور جدت کے مواقع فراہم کرنے میں اپنی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔پہلے کوہورٹ میں 25 ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپس شامل ہیں جو مختلف صنعتوں جیسے ماحولیاتی تحفظ، ایڈٹیک، فِن ٹیک اور دیگر ترقی پذیر شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ خاص طور پراس کوہورٹ میں 10 سے زائد سٹارٹ اپس ماحولیاتی استحکام پر مرکوز ہیں جو کہ بزنس انکیوبیشن سینٹر کی ذمہ دار اور مثبت کاروباری حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔اگلے چھ ماہ کے دوران یہ سٹارٹ اپس ایک مربوط انکیوبیشن پروگرام میں حصہ لیں گے جس میں انہیں ماہرین کی رہنمائی، کاروباری ترقی کی تربیت، اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کی تکمیل کے بعد، یہ سٹارٹ اپس اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور خطے کی معاشی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہوں گے۔موصولہ تفصیلات کے مطابق پہلے سٹارٹ اپ کوہورٹ کا آغاز یونیورسٹی آف پشاور کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو اسے کاروباری مہارت اور جدت کے ایک مرکز کے طور پر مستحکم کرتا ہے۔ بزنس انکیوبیشن سینٹر اپنے وژن کے تحت نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنانے اور تعلیمی و صنعتی شعبوں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You