پروفیسر اعجاز فاروقی کا جامعہ کراچی کے پروفیسر عارف ساقی پر تشدد کی شدید مذّمت

*پروفیسر اعجاز فاروقی کا جامعہ کراچی کے پروفیسر عارف ساقی پر تشدد کی شدید مذّمت۔*
*جامعہ کراچی کےفارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیرینز (انٹرنیشنل) کے اراکین کا غم و غصّہ۔*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیرئینز (انٹرنیشنل) کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی، جنرل سیکریٹری پروفیسر عادل عظمت اور مجملہ عہدیداران اور مینجنگ کمیٹی کے ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں شعبہ اسلامک لرننگ کے چیئر مین پروفیسر عارف ساقی صاحب پر مسلح افراد کے تشدد اور بدتمیزی کے واقعہ کی پر زور مذمت اور شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشرے استاد کی عزت اور تکریم سے ہی وجود میں آتے ہیں۔ ہر مہذب معاشرہ اساتذہ کے وقار ، مرتبہ ، احترام اور تحفظ کو اولین فوقیت دیتا ہے۔ استاد کسی بھی معاشرے کی اساس اور نئی نسل کے معمار ھوتے ہیں۔ پر ہمارے ملک خداد میں یہ روایت معدوم ہوتی جارہی ہیں جب کوئی استاد ہی خود کو غیر محفوظ پائے گا تو وہ اس معاشرے میں کس طرح آنے والی نسلوں کی پرورش کرسکتا ہے۔ یہ واقعات معاشرے کے تمام حلقوں کیلئے باعث شرم اور لمحہ فکریہ ہے۔ ہمارے دین میں بھی اساتذہ کی عزت اور تکریم کی تعلیم دی گئی ہے اور ہم سب کو مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہیے جس سے استاد کی عزت کو مقدم بنایا جائے۔ پروفیسر اعجاز فاروقی نے اعلیٰ حکام اور مقتدر حلقوں سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے واقعا ت کا تدارک کیا جائے۔ اساتذہ کرام کے وقار اور مقام اور عظمت رفتہ کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے تاکہ اساتذہ معاشرہ اور قوم کے معماروں کی تربیت بہتر انداز سے کرسکیں اور اپنی خدمات سے اس معاشرےکو مہذب اور اعلیٰ اقدار بنانے میں اپنا بھرپورحصّہ ڈال سکیں۔




