لاہور: پاکستانی ٹیم نے نیا اور منفرد ریکارڈ بنا لیا، 100 ٹی ٹونٹی میچز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی، پاکستانی ٹیم نے 163 انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیت کر بہت خوشی ہے۔ جنوبی افریقا ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا۔ بابر اعظم کو بھی سیریز جیت کر کافی حوصلہ ملا۔ سینئرز کھلاڑی بھی ہماری پلاننگ میں شامل ہیں۔ ورلڈ کپ سے پہلے اچھی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
دوسری جانب قومی کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جیت پر شائقین کرکٹ کا شکر گزار ہوں۔ آج کا میچ پلاننگ کے مطابق کھیلے۔ اپنی اور ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔
بابر اعظم نے قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے حسن علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے باؤلنگ اور بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔