لاہور: ملک بھر میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی بڑی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی بڑی مارکیٹس بند کرنے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے این سی او سی میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا غیر ذمہ داری موت کا سبب بن رہی ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کوروونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ پنجاب کی بڑی مارکیٹیں این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں بند کی جائیں گی، انڈسٹریل ایریاز، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کو پابند بنایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ادھر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ایس او پی ایز پر عملدرآمد نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کر دی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پی ایز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔