سندھ

قائد ملت لیاقت علی خان شہید کی 75ویں برسی کے موقع پر عسکری اور سول شہداء کی قربانیوں

*قائد ملت لیاقت علی خان شہید کی 75ویں برسی کے موقع پر عسکری اور سول شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین*

*ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان کا ادیبوں اور اسکالرز کے ہمراہ ہیڈ سلیمانکی بارڈر پر میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) کی تاریخی چیک پوسٹ کا دورہ*

*پاکستانی عوام آج بھی عسکری اداروں اور وطن سے محبت میں قربانیاں دینے والے اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کے لیے پر عزم ہیں، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر*

(رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان کے پہلے وزیر اعظم قائد ملت لیاقت علی خان شہید (یکم اکتوبر 1895 تا 16 اکتوبر 1951ء) کی 75 ویں برسی گزشتہ دنوں پورے احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس نسبت سے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد نے وفد کے ہمراہ ہیڈ سلیمانکی میں پاکستان انڈیا بارڈر پر میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر ) کی تاریخی چیک پوسٹ اور پریڈ گراونڈ کا دورہ کیا، اس موقع پر عسکری اور سول شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ پاکستانی عوام آج بھی عسکری اداروں اور وطن سے محبت میں قربانیاں دینے والے اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد اس وقت وفد کے ہمراہ اینڈومنٹ فنڈ کے زیر اہتمام تقاریب کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے پر بہاولپور سے بہاولنگر میں موجود تھے۔قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیر انتظام اینڈومنٹ فنڈ کے منصوبے کا مقصد پاکستان کے دور دراز شہروں میں وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں کی خدمات کو وسیع طور پر متعارف کروانا ہے اور ہر علاقے کے مقامی ادیبوں اور پاکستانی زبانوں کے تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی ہے تاکہ قومیت و یکجہتی کے احساس و جذبے کو توانا کیا جاسکے۔میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) کی تاریخی چیک پوسٹ کا دورہ کرنے والے وفد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد کے ہمراہ بہاولنگر کے معروف سہ لسانی شاعر و ادیب سلیم شہزاد، تمغہء امتیاز، پروفیر ڈاکٹر رفیق الاسلام، صدر شعبہء اقبالیات، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، ڈاکٹر رفاقت عباسی، ڈائریکٹر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور (بہاولنگر کیمپس)، محبوب خان بگٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد، کامران مشتاق، افسر حسابات ، ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد، محمد طارق بن آزاد، انچارج اردو لغت بورڈ، کراچی اور عبدالرازق آفریدی، پی آر او ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد موجود تھے جبکہ کتب نمائش و تقاریب کے سلسلے میں تشریف لانے والے ادارہ فروغ قومی زبان ، اسلام آباد اور اردو لغت بورڈ، کراچی کے اراکین فدا حسین، غلام قادر کلادی، علی اعوان، سید عاقب علی، سجاد حسین، اعجاز علی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ جنوبی پنجاب کے اس دورے میں سب سے پہلی تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بغداد الجدید کیمپس میں منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر ڈاکٹر محمد کامران، ایم فل، پی ایچ ڈی، پوسٹ ڈاکٹریٹ کے طلبہ نے بھر پور شرکت کی، جبکہ دوسری تقریب کا اہتمام خصوصی طور پر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی، بہاولپور میں کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم، انکے رفقاء اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس سلسلے کی تیسری تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بہاولنگر کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر رفاقت عباسی، ڈائریکٹر بہاولنگر کیمپس، یونورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے ذوق و شوق سے شرکت کی۔ اس سفر کی آخری تقریب کا انعقاد خواجہ فرید یونیورسٹی برائے انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، رحیم یار خان میں کیا گیا، جہاں سابقہ تینوں اداروں کی طرح ادارہ فروغ قومی زبان بشمول فیلڈ دفتر (اردو سائنس بورڈ، لاہور اور لغت بورڈ، کراچی ) کی کتب کی نمائش کا اہتمام کیا۔ تمام مقامات پر طلبہ اور اساتذہ نے مطبوعات میں خصوصی دلچسپی لی جبکہ مقامی اہل علم کی جانب سے ادارہ فروغ قومی زبان کی ان شہروں میں کتب کی فروخت کے لیے موجودگی کے اقدام کو سراہا گیا اور اس سلسلے کو جاری رکھنے کی تجویز بھی دی۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You