اسلام آباد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کا جائزہ لینے کیلئے وزرائے تعلیم اور صحت کا اجلاس کل ہوگا۔
اپنے ایک ٹویٹ میں شفقت محمود نے بتایا کہ اس سے پہلے کہ طلبہ سکولوں میں آنا شروع کردیں اس سے پہلے کل (جمعہ کو) وزرائے تعلیم اور صحت کا اجلاس ہوگا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ شدت سے یہ چاہتے ہیں کہ تعلیم کا سلسلہ جاری رہے لیکن آخری فیصلہ صحت کی صورتحال کو دیکھ کر ہی لیا جائے گا کیونکہ طلبہ کی بھلائی ہمیشہ ان کی ترجیح رہے گی۔
گھی کے بعد آئل کی قیمت میں بھی اضافہ
خیال رہے کہ چار جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تین مراحل میں تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ شفقت محمود کے مطابق 18 جنوری کو نویں سے بارہویں جماعت، 25 جنوری سے پرائمری سے آٹھویں کلاس اور یکم فروری سے یونیورسٹیز کھول دی جائیں گی۔
وزرائے تعلیم کی گزشتہ کانفرنس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے پہلے 14 یا 15 جنوری کو کورونا کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔