مقبوضہ بیت المقدس: ظالم اسرائیل کےغزہ پر بدترین حملے جاری ہیں، 41 بچوں سمیت شہدا کی تعداد 154 ہو گئی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔
عالمی حکمرانوں کی بات چیت، امن کے مطالبات کام نہ آئے، دہشت گرد ریاست اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں۔ صیہونی فورسز کے ایک اور حملے میں مزید 13 فلسطینی شہید ہو گئے، متعدد زخمی بھی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں شہریوں کی شہادت اور بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر پر حملے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کے الشاتی کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے دس افراد کی شہادت شدید افسوس کا اظہار کیا۔
اسرائیل نے دیگر کئی میڈیا دفاتر سمیت عرب ٹی وی الجزیرہ کے دفتر کو تباہ کر دیا، الجلا ٹاور میں الجزیرہ ٹی وی اور امریکی خبر ایجنسی اے پی سمیت متعدد میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی سے کہا ہےبمباری اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہو گی۔
مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے، مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی، متعدد افراد زخمی ہو گئے، اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی دھکے دیئے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔