
پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیراہتمام سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع۔
چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد الیاس نے پہلی کاپی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ضیاء الرحمان کو پیش کر دی۔
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیراہتمام سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع ہوگئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید محمد الیاس نے ایک سادہ تقریب کے دوران بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اور سابقہ سیکرٹری خزانہ و صنعت ضیاء الرحمان کو رپورٹ کی پہلی کاپی پیش کی۔ ضیاء الرحمان نے رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں افراد باہم معذوری کے علاج و بحالی کی خدمات کا جامع احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومتی اداروں کو جنوبی ایشیاء کے اس منفرد قومی ادارے کی زبردست طبی و سماجی خدمات کا علم ہونا چاہئے جس کا پورے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں کوئی ثانی نہیں۔ رپورٹ میں تمام خدماتی اعدادوشمار بڑے سائنٹیفک انداز میں پیش کئے گئے ہیں۔ چیئرمین نے اس ضمن میں سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو کے علاؤہ رپورٹ کے ایڈیٹوریل بورڈ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ درایں اثناء سالانہ کارکردگی رپورٹ کے ایڈیٹوریل بورڈ کے ارکان نے ڈپٹی ڈائریکٹر اسسٹیو ٹیکنالوجی منصور گولڑہ کی معیت میں چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں حالیہ طبع شدہ رپوٹ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے حرام مغز کی چوٹ سے متاثرہ اور پوسٹ پولیو پیرالیسس سے متاثرہ مریضوں، پیدائشی ٹیڑھے پاؤں اور آٹزم کے شکار بچوں کے علاج و مستقل بحالی، انکے عارضہ کے مطابق وئیل چئیرز اور مددگار آلات کی تیاری سمیت سنٹر کی کارکردگی اور کوائف کی دلکش انداز میں طباعت کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسی تخلیقی کوششوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو نے آئندہ رپوٹس میں پیراپلیجک سنٹر کے زیر اہتمام کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلیٹیشن کے فیکلٹی اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو بھی رپورٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی۔



