اخراجات میں کمی صرف باتیں نہیں عمل بھی کیا جائے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی

اخراجات میں کمی صرف باتیں نہیں عمل بھی کیا جائے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
وزراء و مشیروں کی فوج ظفر موج قومی خزانہ پر بوجھ،فوری کمی لائی جائے:گفتگو
حکومت عوام سے ایثار و قربانی مانگنے کے ساتھ خود بھی اس پر عمل کرے:چیئرمین
اس سے پہلے کہ قوم کی قوت برداشت جواب دے جائے حکمرانوں کو اپنی روش بدلنی ہوگی
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئرندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کی صرف باتیں ہی نہ کی جائیں بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کیا جائے،اخراجات میں کمی کے اعلانات ماضی کی تمام حکومتوں نے کئے اور اس کے باوجود صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آسکی،ان حالات میں اگر حکومت عوام سے توقع رکھتی ہے کہ وہ مشکل وقت میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں تو حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ خود بھی کچھ ایسا کرے جس سے عوام کے ساتھ اس کی یکجہتی نظر آئے،لائبیریا کے صدر نے اپنی تنخواہ میں 40فیصد تخفیف کرلی ہے اسی طرح کینیا میں حکومت نے مشیروں کی تعداد آدھی اور 37ریاستی ادارے کم کردئیے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر گاڑیوں کی خریداری اور ریاستی اہلکاروں کے غیر ضروری سفر پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ادھر ہمارے ہاں عوام اور ارباب اختیار کے معیار زندگی میں زمین و آسمان کا فرق ہے اور یہ تفریق کم کرنے کی کوئی حقیقی کوشش نظر نہیں آتی جس کی بنیادی وجہ قول و فعل میں تضاد ہے اگر اسے دور کرلیا جائے تو سب کچھ اپنے آپ ٹھیک ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار معیشت کی بحالی کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ حکومت سب سے پہلے اپنے اخراجات کم کرتے ہوئے وزراء و مشیروں کی فوج ظفر موج میں بھی کمی لائے تاکہ ان کی وجہ سے جو قومی خزانے پر بوجھ بڑھ رہا ہے اس میں کمی واقع ہو۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستانی قوم ماچس کی ڈبیہ لے کر ضروریات زندگی کی تمام اشیاء پر ٹیکس ادا کررہی ہے مگر اس کے باوجود حکومت عوام پر مزید بوجھ بڑھانے کی کوششوں میں مگن ہے اس سے پہلے کہ عوام بغاوت پر اتر آئے حکمرا ن طبقہ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔



