
مسائل حل نہیں ہورہے، ادارے تمام لوگوں کو ایک جگہ بٹھائیں۔شیخ رشید
میرے سیاسی تجزیے کے مطابق ان کو چاپلوسی کرنے والا وزیراعظم چاہیے، مذاکرات کا وقت چلا گیا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ مسائل حل نہیں ہورہے لہٰذا ادارے تمام لوگوں کو ایک جگہ بٹھائیں۔راولپنڈی میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کھربوں کے ٹیکس لگا دیےگئے،لوگ بجلی کے بل اور اسکولوں کی فیس نہیں دے سکتے، 24 کروڑ عوام کو بجلی کی تار پر لٹکا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمہاری وجہ سے ملک کھڈے میں چلا گیا ہے، ملک عوام سے ہوتا ہے کسی ایک سے نہیں، نواز شریف کے پلے نہیں دھیلہ کردی میلہ میلہ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30 اگست تک سیاست سے دور ہوں، میرے سیاسی تجزیے کے مطابق ان کو چاپلوسی کرنے والا وزیراعظم چاہیے، مذاکرات کا وقت چلا گیا ہے، مسائل حل نہیں ہورہے، ادارے تمام لوگوں کو ایک جگہ بٹھائیں۔



