
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ اہم ترین فیصلہ اپنے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا۔ ذرائع کے مطابق نئے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر ہونگے جبکہ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں شبلی فراز، معید یوسف، زلفی بخاری، ملک امین اسلم اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں عالمی سطح پر ملکی بیانیہ مضبوط بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملکی اور قومی معاملات سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو پر بھی اعتماد میں لیا
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں ردوبدل متوقع
خیال رہے کہ عندیہ دیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں تبدیلیاں کریں گے۔ وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر کابینہ میں ردوبدل کریں گے۔ بعض وزرا کو دوبارہ قلمدان سونپے جائیں گے۔ کابینہ میں تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر فیصل واوڈا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عثمان ڈار کی کابینہ میں واپسی ہوگی جبکہ مشیروں میں رد و بدل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی کابینہ میں اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو بھی نمائندگی دینے پر مشاورت کی گئی ہے۔



