تماشہ سیزن فور کے ونر سیف علی خان کا ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ

تماشہ سیزن فور کے ونر سیف علی خان کا ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ۔
اس موقع پر انہوں نے چیف کیپیٹل پولیس پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے ملاقات کی۔
پشاور (نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق معروف ریئلٹی شو تماشہ سیزن فور کے ونر اور پشاور کے رہائشی مشہور شخصیت سیف علی خان نے گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ کیا اور سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے ملاقات کی۔سیف علی خان نے اپنے شاندار کردار، مثبت سوچ، اور بہترین کارکردگی کے باعث تماشہ سیزن فور میں ملک بھر سے لاکھوں ووٹرز اور ناظرین کے دل جیتے۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی ایک سرگرم، باوقار اور بااثر نوجوان کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے رویے اور گفتگو سے پشاور کے وقار میں اضافہ کیا۔سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سیف علی خان کو تماشہ سیزن فور میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ سیف علی خان کا تعلق ایک شہید فیملی سے ہے، جو ہمارے لیے قابل قدر اور پشاور کے لیے انمول اثاثہ ہیں۔ ان کی کامیابی نہ صرف پشاور بلکہ پورے خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے۔واضح رہے کہ سیف علی خان کے والد محترم ناظم آصف باغی سال 2007 جنوری سات محرم الحرام میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ڈی آئی جی ملک سعد شہید کے ہمراہ قصہ خوانی ڈھکی دالگراں کے خودکش دھماکے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ملاقات کے دوران سیف علی خان کے چچا سابقہ ڈسٹرکٹ ممبر و چیرمین صفدر خان باغی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔



