اسلام آباد: شبلی فراز نے کہا ہے کہ 15 جنوری تک نواز شریف پاکستان کی جیل میں ہوں گے، نواز شریف کو نہ صرف جیل بھجوائیں گے بلکہ پیسے بھی وصول کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا جلسے توقعات کے مطابق نہیں ہوئے تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے، مریم نواز نے آج متضاد باتیں کی ہیں، ان کے درباری روز جھوٹ بولتے ہیں، جھوٹ ان کی گھٹی میں شامل ہے، یہ جھوٹ نہ بولیں تو کھانا ہضم نہیں ہوتا، یہ خود کو سیاست کا شاہی خاندان سمجھتے ہیں، انہوں نےعوام کا پیسہ لوٹا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا احسن اقبال، شاہد خاقان، خواجہ آصف، رانا ثنااللہ نیب زدہ ہیں، اپنے دور میں نوٹ کو عزت دی، اب کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، بینظیر بھٹو شہید کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے گرائیں، کیا اس وقت چادر چاردیواری کا تحفظ ذہن میں نہیں تھا ؟ انہوں نے اپنا نمائندہ بھی جھوٹ کا ماہر رکھا ہوا ہے، جھوٹ بولنے والوں کی باتوں میں وزن ہے نہ عوام بھروسہ کرتے ہیں، جو خاندان حکمرانی کرتے آئے ان کی سیاست ختم ہوگئی، مسلم لیگ ن کے کئی حصے ہو رہے ہیں، کھینچا تانی جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا عمران خان انہیں نہیں چھوڑیں گے، عمران خان لوٹا ہوا پیسہ بھی واپس لائیں گے اور سزا بھی دلوائیں گے، یہ ہو نہیں سکتا کھربوں کی جائیداد ہو اور بات کریں غریب کی۔ انہوں نے کہا لگتا ہے بلاول نے مریم نواز سے اپنی والدہ کا بدلہ لیا ہے، کیپٹن (ر) صفدر کو ہم نے گرفتار نہیں کیا، فوٹیج میں سارے پاکستان نے دیکھ لیا یہ ڈرامہ تھا، ویڈیو میں اس شخص کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو ان کا باڈی گارڈ تھا۔