ہماری عمر کے لوگ جب اکٹھے بیٹھتے ہیں تو اپنے بچپن اور جوانی کے وقت کو یاد کرکے خوش ہوتے ہیں

*پاکستانی بچے رل گئے ہیں*
ہماری عمر کے لوگ جب اکٹھے بیٹھتے ہیں تو اپنے بچپن اور جوانی کے وقت کو یاد کرکے خوش ہوتے ہیں اور موجودہ دور کے بچوں اور نوجوانوں کو کوستے ہیں یہ مانے بغیر کہ ہم نے آج ان بچوں کی زندگی کتنی مشکل بنا دی ہے ۔
اب ایک بچی کی بپتا سنیے ۔
چند دن پہلے اس بچی کا فون آیا ۔ اپنا تعارف کروا کر مجھ سے آفس آکر ملنے کی اجازت چاہی ۔ میں نے خوشدلی سے کہا بیٹا جب دل چاہے آ جاؤ ۔ دوسرے ہی دن بلیک عابایا میں بچی آفس پہنچ گئی ۔ بتانے لگی سر ہم دو بہن بھائی ہیں اور ماں کےساتھ فلاں کچی بستی میں رہتے ہیں میرے ابو کورونا کی وبا میں اللہ کو پیارے ہوگئے تھے ۔ میں انٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیوشن پڑھاتی رہی اور چھوٹا بھائی دن کو اسکول جاتا اور رات کو کال سینٹر میں کام کرتا ہے ۔ ابھی اللہ کا کرم ہوا کہ میں ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ٹیسٹ پاس کرکے کارپورل سیلیکٹ ہو گئی ہوں مگر اب بہت مشکل میں ہوں اور آپ کی مدد چاہیے ۔
ایک سیلف میڈ انتہائی قابل یتیم اکیلی بچی کہاں اٹک رہی تھی
سنیں ذرا
دو سرکاری افسروں سے کریکٹر سرٹیفکیٹ چاہیے ۔
ڈومیسائل بنا ہوا ہے مگر ڈپٹی کمشنر سے اسکی دوبارہ تصدیق چاہیے
سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر سے ہیپٹاٹس سے کلیرنس کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ چاہیے ۔
تمام ڈاکومنٹس کے پانچ سیٹ ۔ شناختی کارڈ کی چار کاپیاں اور 16 پاسپورٹ سائز زاتی فوٹو سرکاری آفیسر سے اٹیسٹ کروا کر اتوار تک جمع کروانے ہیں ورنہ آفر لیٹر ختم ۔
سوچیں کچی بستی کی یتیم بچی کسی سرکاری آفیسر کو کیسے جانتی ہو گی ۔
وہ ڈپٹی کمشنر کے آفس جاتی ہے تو آفس کلرک پیسے مانگتا ہے اور روز کہتا ہے بچے کل آنا ۔
ہیپیٹائٹس کے ٹیسٹ 600 روپے میں جناح ہاسپیٹل کی لیبارٹری سے کروا لئے مگر ڈاکٹر سے سرٹیفیکیٹ کون بنوائے ۔
اللہ بھلا کرے پی این ایس شفا کے کرنل عمر اور ایم سی ایچ سی کراچی ایسٹ کی ڈاکٹر شنیلہ وحید کا جنہوں نے مجھ ناچیز کے کہنے پر کریکٹر سرٹیفیکیٹ دے دیئے ۔
نون لیگ کے نسیم چوہدری کے سمجھانے پر ڈی سی آفس کا کلرک پریشان ہوا اور آج ہی ڈومیسائل کی تصدیق کردی
میں نے سی ایم ایچ کے ایک آفیسر سے تمام سرٹیفیکیٹ کی اوریجنل دکھا کر فوٹو ڈاکومنٹس اٹیسٹ کروا دئیے۔
خوش دکھائی دینے لگی تو میں نے بچی کو اپنی کتاب *خاک_سا_خاکی* تحفتا دی تاکہ وہ پڑھے اور ہمت نہ ہارے۔
جاتے جاتے کہنے لگی سر میرے علاوہ بھی سینکڑوں بچیوں کو آپ جیسے انکل چاہئیں
سر ہم تو رل گئے ہیں اس ملک میں ۔ کچھ کریں پلیز ۔ مستقل بنیادوں پر سسٹم بدلیں *ہمیں اس اٹیسٹیشن کے چکروں سے بچائیں*۔
میں نے اٹھ کر دعا دیتے خدا حافظ کہا اور دلاسہ دیا کہ جاؤ بیٹا اے ایس ایف جوائین کرو اور ملک و قوم کی اچھی بیٹی بن کر دکھاؤ ۔
برگیڈئیربشیرآرائیں* (ریٹائیرڈ)*



