کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا، 5 جوان شہید

کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا، 5 جوان شہید۔
شہدا میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں۔آئی ایس پی آر
کرم(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دوسری جانب صدرمملکت آصف زرداری نے ضلع کرم میں حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کو سراہا۔آصف زرداری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردارکی تعریف کی اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت، اور صبر جمیل کی دعا کی۔



