کراچی پریس کلب الیکشن ، برائے 2026، دی ڈیموکریٹس پینل کا 18ویں مرتبہ کلین سوئپ

*کراچی پریس کلب الیکشن ، برائے 2026، دی ڈیموکریٹس پینل کا 18ویں مرتبہ کلین سوئپ*
*دی ڈیموکریٹس پینل کے فاضل جمیلی 536 ووٹ لیکرصدر جبکہ سیکریٹری کے عہدے پر اسلم خان 493 ووٹ لیکر منتخب ہوگئے*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال دو ہزار چھبیس عیسوی میں دی ڈیموکریٹس نے دیگر پینلز اورآ زاد امیدواروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دی ڈیموکریٹس پینل نے مسلسل اٹھارہویں مرتبہ کلین سویپ کیا ہے ، تائیس دسمبر سنہ دو ہزار پچیس عیسوی بروز ہفتہ کی صبح نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہونے والی پولنگ میں انتہائی جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔ پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ الیکشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کراچی پریس کلب میں نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس پینل کے فاضل جمیلی نے پانچ سو چھتیس ووٹ جبکہ سیکرٹری کے عہدے پر اسلم خان نے چار سو تیرانوے ووٹ لیکر منتخب ہوئے ۔ نائب صدر کے عہدے پر ارشاد کھوکھر نے چار سو اسی ووٹ، خازن کے عہدے پر عمران ایوب نے چھ سو بائیس ووٹ اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر فاروق سمیع نے پانچ سو چھپن ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ گورننگ باڈی کی سات نشستوں پر عبدالجبار ناصر، اختر حسین سومرو، شیما صدیقی، فریال عارف، جاوید صباء، سید فرید عالم، اور جاوید مہر کامیاب قرار پائے۔ پولنگ کا آغاز صبح نو بجے ہوا جو بلا کسی وقفہ کے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہا۔ انتخابات دی ڈیموکریٹس ، ڈیمو کریٹ ، گرین پینل اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ پریس کلب کے انتخابات میں ایک ہزار تین سو انہتر رجسٹرڈ ممبران ووٹرز میں سے ایک ہزار گیارہ ممبران نے اپنے حق رائے دہی استعمال کیا۔




