کراچی: سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان انتقال کرگئے

کراچی (بیورو چیف: جاوید صدیقی) سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان انتقال کرگئے۔۔۔
تفصیلات کے مطابق نامور صحافی، روزنامہ امت، ہفت روزہ غازی اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلیٰ رفیق افغان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری نے کیا ہے۔ رفیق افغان ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ نامور صحافی بھی تھے۔ انہوں نے تحقیقی صحافت میں بڑا نام پیدا کیا تحقیقاتی صحافت کےحوالے سے انہوں نے اپنا لوہا منوایا اس کے علاوہ کراچی کے مسائل، تعصبات کے خلاف عمر بھر قلمی محاذ پر سر گرم عمل رہے۔ رفیق افغان نے صلاح الدین شہید کے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے میں عمر وقف کردی وہ پاکستان سے محبت رکھنے والے پختہ نظریاتی وابستگی پر کاربند صحافی تھے۔رفیق افغان نےپاکستانی صحافت میں اپنی قلمی اور انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ کراچی بلکہ پاکستان آج ایک نڈر صحافی سے محروم ہوگیا ہے۔ کراچی سمیت پاکستان بھر کے صحافیوں نے دعا کی ھے کہ اللہ تعالیٰ رفیق افغان مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور اہل خانہ سمیت روزنامہ امت کے تمام ورکرز کو صبر جمیل دے۔ واضح رہے کہ رفیق افغان گزشتہ ایک ہفتے سے کلفٹن کراچی کے ایک نجی اسپتال میں کورونا کی وجہ سے زیرعلاج تھے، طبعیت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا تھا۔ پیر کی علی الصبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے حمزہ افغان اور اسد افغان کو سوگوار چھوڑا ہے۔ رفیق افغان پاکستان کے نامور صحافی، لکھاری اور ہفت روزہ تکبیر کے بانی صلاح الدین شہید کے داماد تھے۔



