کراچی : جرنلسٹ پینل کی پہلی بیٹھک میں منشورطے پایا کہ کے پی سی آئین کے مطابق

کراچی : جرنلسٹ پینل کی پہلی بیٹھک میں منشورطے پایا کہ کے پی سی آئین کے مطابق
حکومتی گرانٹ سے پاکستان جرنلسٹس بینیویلنس فنڈ کا جلد قیام کریں گے اور پلاٹوں کی لیز اور نئے ممبرز کے پلاٹ فوری حاصل کریں گے۔۔۔۔تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے غیر سیاسی غیر جماعتی جرنلسٹ پینل کے منشور میں جرنلسٹس بینیفٹ فنڈ کے فوری قیام، کلب کے پلاٹوں کی لیز سمیت پلاٹوں کے دیگر تمام مسائل کے فوری حل اور جرنلسٹس بینیویلنس فنڈ کے قیام کو سرفہرست رکھا جائیگا۔جرنلسٹ پینل بیٹھک کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ کراچی پریس کلب کے آئین کی یاد داشت انجمن میمورینڈم آف ایسوسی ایشن کی کلاز کیمطابق حکومت سندھ کی پانچ کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ سے فوری طور پر صحافیوں کی فلاح بہبود کیلئے بینیفٹ فنڈ قائم کیا جائیگا جس سے کے پی سی کے تمام ضرورت مند معزز ممبران کی بلاتفریق و بلا امتیاز مالی مدد کی جائیگی جو اس وقت کی شدید ضرورت ہے۔ جرنلسٹ پینل بیٹھک کے شرکاء نے فیصلہ کیا ہے کہ ہاکس بے پلاٹوں کو جلد از جلد لیز کروایا جائیگا تاکہ پلاٹ پر گھر تعمیر کرنے والے کو آسان شرائط پر قرضہ اور فروخت کرنے والےکو اچھی قیمت مل سکے۔ شرکاء نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پچیس سال قبل کلب ممبران کو ہاکس بے پلاٹ ملے جبکہ ڈیموکریٹس گزشتہ بارہ سال سے برسرِ اقتدار ہے اسکے باوجود اب تک پلاٹ لیز نہ ہوسکے جس کی وجہ سے ضرورتمند اور مجبور صحافی دو کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ صرف تیس لاکھ روپے میں فروخت کرنے پر مجبور ہیں اور لاکھوں روپے کا نقصان اٹھارہے ہیں۔ جرنلسٹ پینل بیٹھک میں فیصلہ کیا گیاکہ نئے ممبرز کے پلاٹوں کے جلد حصول کو بھی منشور میں سر فہرست رکھا جائیگا۔ نئے ممبرز گزشتہ تین سال سے پلاٹوں کے منتظر ہیں جبکہ انکے پلاٹوں کیلئے ابتک حکومت کو درخواست تک نہیں دی گئی۔جرنلسٹ پینل کے شرکاء نے پاکستان جرنلسٹس بینیویلنس فنڈکے قیام کی کوششوں پربھی اطمینان کا اظہار کیا ڈاکٹر عبدالجبار خان نے بتایا کہ بینیویلنس فنڈ کی رجسٹریشن کیلئے قانونی مشورے شروع کردیئے گئے ہیں۔ واضح رہے بینیویلنس فنڈ کے قیام کے حوالے سے اجلاس چیئرمین دستور گروپ اور بانی پی ایف یو جے دستور ڈاکٹر عبدالجبار خان کی سربراہی میں کراچی پریس کلب میں ہوا تھا جسمیں کے یو جےدستور کے صدر راشد عزیز کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری اے ایچ خانزادہ کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سابق سیکرٹری ناصر محمود اور سید نعمت اللہ بخاری نے شرکت کی تھی۔ جرنلسٹ پینل کی کراچی پریس کلب میں جمعرات کو ہونے والی پہلی بیٹھک / نشست میں کلب ممبران کی مناسب تعداد نے شرکت کی اور تجاویز و مشورے دئیے۔ بیٹھک شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہوئی اور دو گھنٹے تک جاری رہی اس دوران چائے وغیرہ کے دور بھی چلتا رہا۔جرنلسٹ پینل کی بیٹھک کے پی سی میں توجہ کا مرکز بنی رہی۔ بیٹھک میں شریک نہ ہونے والے ممبران نے بھی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور انفرادی ملاقاتوں میں جرنلسٹ پینل کے قیام کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ غیرسیاسی غیر جماعتی جرنلسٹ پینل کراچی پریس کلب کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے اور اسے صحافیوں کا نمائندہ کلب بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ جرنلسٹ پینل کے شرکاء کے فیصلے کیمطابق ڈاکٹر عبدالجبار خان کی سربراہی میں ابتدائی طور پر مذاکراتی کمیٹی بنادی گئی ہے جس کے ارکان میں ناصر محمود، محمد عارف خان ، آغا کرم علی شاہ اور سید نعمت اللہ بخاری شامل ہیں۔ کراچی پریس کلب کے تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے پیش نظر شرکاء نے فیصلہ کیا کہ مذاکراتی کمیٹی میں مزید ارکان کو بھی شامل کیا جائیگا۔ غیر سیاسی غیر جماعتی جرنلسٹ پینل کے شرکاء نے تجویز دی کہ کراچی پریس کلب کے الیکشن تک دس بارہ دن کے وقفے سے کے پی سی میں بیٹھک یا نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔۔۔!!
کراچی : (بیوروچیف: جاوید صدیقی )



