
کابل: امریکی ایئرفورس کے طیارے سے لٹکے افراد اڑان کے دوران زمین پر گر کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے، دوسرے واقعے میں 5 افغان شہری امریکی فوج کی فائرنگ سے مارے گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کابل چھوڑنے کے خواہشمند افغان باشندے امریکی طیارے سے لٹک گئے، پرواز کے دوران بعض گر کر ہلاک ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکی طیارہ اڑان بھرنے کے دوران کافی بلندی پر پہنچ گیا تھا۔ اس سے قبل کابل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ معاملے پر امریکی اہلکار نے موقف اپنایا کہ ہوائی اڈے پر لوگوں کا ہجوم بےقابو ہو رہا تھا ، لوگ رن وے پر بھاگ رہے تھے۔ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ افغان عینی شاہدین کا بھی یہی کہنا ہے کہ امریکی فوج کی فائرنگ سے کئی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب کابل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث قومی ائیرلائن پی آئی اے نے کابل آپریشن معطل کر دیا۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ دیگر مختلف فضائی کمپنیوں نے بھی افغان حدود سے بچنے کے لیے روٹس بدل لیے، غیر ملکی خبرا یجنسی کے مطابق یہ اقدام کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے کیا گیاہے۔



