ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کا بگڑتا ہوا نظام، شہری شدید مشکلات کا شکار

ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کا بگڑتا ہوا نظام، شہری شدید مشکلات کا شکار
ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرسابق چیئرمین لیبر اینڈ ہیومن ریسورس پی ایف سی ڈپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ ڈیرہ غازی خان شیخ عامر محمود قریشی نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم چوکوں، بازاروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک کی بدانتظامی روز کا معمول بن چکی ہے، جس کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں اور ٹریفک حادثات میں بھی تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص اسکولوں اور کالجوں کی چھٹی کے اوقات میں کسی قسم کا مؤثر ٹریفک پلان موجود نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں بے ہنگم ٹریفک، شدید رش کے نتیجے میں آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں۔ بچوں، والدین اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی سنجیدہ توجہ نظر نہیں آتی۔
شیخ عامر محمود قریشی نے مزید کہا کہ چالان، لائسنس اور نمبر پلیٹ کے نام پر شہریوں کو روک کر ان کی تذلیل کرنا قابلِ مذمت عمل ہے۔ قانون کا نفاذ ضروری ہے، مگر عزتِ نفس مجروح کر کے نہیں۔ اس طرزِ عمل سے عوام اور ٹریفک پولیس کے درمیان بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے اس صورتحال کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ:
ڈیرہ غازی خان کے لیے فوری طور پر ایک جامع، منظم اور قابلِ عمل ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے۔
تعلیمی اداروں کے اوقات میں خصوصی ٹریفک ڈیوٹیاں اور واضح روٹ مینجمنٹ نافذ کی جائے۔
ٹریفک پولیس کو شہریوں کے ساتھ باعزت اور مہذب رویے کا پابند بنایا جائے۔
بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اور عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے۔
آخر میں عامر محمود نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے شہری ایک محفوظ اور باوقار ٹریفک نظام کے حق دار ہیں، اور اگر متعلقہ اداروں نے فوری اقدامات نہ کیے تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی ذمہ داری مکمل طور پر انتظامیہ اور ٹریفک پولیس پر عائد ہو گی۔



