
ویتنام میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ ویتنام کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ویتنام(انٹرنیشنل ڈیسک) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ویتنام کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی۔وزارت قدرتی وسائل و ماحولیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی اور وسطی ویتنام میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ 16 نومبر سے اب تک پہاڑی صوبے وسطی ڈیک لاک میں ہلاکتوں کی تعداد 63 ہوگئی ہے جبکہ ہزاروں گھر سیلاب میں بہہ گئے۔بیان میں بتایا گیا کہ اس خطے میں کم از کم 12 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق اس صوبے میں ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔حکومتی بیان میں بتایا گیا کہ ایک تخمینے کے مطابق سیلاب سے پانچ صوبوں میں 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالر زکے معاشی نقصان پہنچا ہے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔جنوب وسطی ویتنام میں اکتوبر کے آخر سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے وہاں کے سیاحتی مقامات متاثر ہوئے ہیں۔ڈیک لاک میں 2 لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ 32 لاکھ پالتو مویشی ہلاک یا سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ویتنام میں عموماً جون سے ستمبر کے دوران شدید بارشیں ہوتی ہیں مگر سائنسدانوں کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسمیاتی رجحان تبدیل ہو رہا ہے۔



