نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیر صدارت


نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیر صدارت ضلع شہید بینظیر آباد میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس آج ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ ملک میں پولیو وائرس کی موجودگی کے پیش نظر صحت سمیت تمام متعلقہ محکمے اور پولیو ٹیمیں قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے نیک نیتی سے اپنے فرائض سرانجام دیں، تاکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔کمشنر نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران ٹیموں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں جبکہ پولیو ٹیمیں ریفیوزل بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر اسی دن کور کریں۔کمشنر نے مزید کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران معزز شہری، علمائے کرام اور مذہبی رہنما اس قومی مقصد کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔ کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم صرف ایک مہم نہیں بلکہ قومی فریضہ ہے، جسے کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ مہم کے دوران خود فیلڈ میں جا کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ یوسی سیکریٹریوں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ٹیموں کی بھرپور معاونت کریں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پولیو کے فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش راجپر نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیر آباد میں بھی 13 اکتوبر سے قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو رہی ہے، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 26 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 1314 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید ابرار علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین، ڈاکٹر مبین منگریو، ڈاکٹر ریاض شاہ سمیت محکمہ صحت، پاپولیشن، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، پولیس، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار اور مذہبی جماعتوں کے رہنما و علمائے کرام نے شرکت کی۔بعد ازاں کمشنر شہمیر خان بھٹو اور ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے بہترین کارکردگی پر سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری اور میل و فی میل پولیو ٹیموں کے انچارجز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔



