نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کا سالانہ عرس مبارک

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کا سالانہ عرس مبارک جام صاحب میں 17 نومبر سے شروع ہوگا ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کے 754ویں سالانہ عرس مبارک (میلے) کے انتظامات کے حوالے سے ایک اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کا تین روزہ 754واں سالانہ عرس مبارک 17، 18 اور 19 نومبر کو جام صاحب میں منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عرس مبارک میں آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کو ہدایت کی کہ عرس کے تینوں دن "کوڈی کوڈی”، "ملاکھڑا” اور علاقائی کھیلوں کے شاندار مقابلے منعقد کرائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کو ہدایت دی کہ عرس کے موقع پر اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی نمائش لگائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹاؤن کمیٹی کے افسران کو ہدایت دی کہ عرس کے تینوں دن شہر میں صفائی ستھرائی، روشنیوں اور زائرین کے لیے پینے کے پانی کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح پولیس کے عملے کو ہدایت دی گئی کہ عرس کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کے افسران کو ہدایت کی کہ عرس کے موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں جبکہ ریسکیو ٹیموں کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں درگاہ سخی جام داتار کے سجادہ نشین فقیر نوید حسین وسطڑو نے بتایا کہ پاکستان عالمی مشائخ کونسل کی جانب سے عرس کے دوسرے دن درگاہ کے احاطے میں "عالمی امن کانفرنس” منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عرس کے تینوں روز گھوڑوں اور بیلوں کی دوڑ منعقد ہوگی جبکہ مختلف محکموں کی جانب سے نمائشی اسٹال اور تھیلیسیمیا سنٹر کی جانب سے اسکریننگ ٹیسٹ بھی کی جائے گی اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دوڑ محمد ذاکر، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی جام صاحب عبداللہ شر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری محمد سلیم بھٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر سالحاڻي، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرحیم راجپوت، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر اعجاز حسین لغاری، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مشتاق احمد زرداری، ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری پروڈکشن ڈاکٹر طارق نورانی، مینیجر اوقاف خان عاطف، ٹائون آفیسر محمد صالح زرداری، صدر پریس کلب نوابشاہ محمد انور شیخ، نائب صدر جام صاحب پریس کلب بشیر احمد شر، جنرل سیکریٹری تھیلیسیمیا کیئر سینٹر غلام نبی چنہ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر عبد القادر کیریو، مجاہد حسین زرداری، فقیر امجد علی وسطڑو کے علاوہ زراعت، ریسکیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



