نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع شہید بینظیرآباد میں روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع شہید بینظیرآباد میں روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی قومی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی قومی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس آج ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ مستقبل کے معماروں کو روبیلا اور خسرہ جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے 17 نومبر سے قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے دوران والدین اپنے بچوں کو روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے آغاز سے قبل عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے سیمینارز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے اور مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں میں روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کریں۔اسی طرح اوقاف افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام مساجد کے پیش اماموں کو پابند بنائیں کہ وہ جمعہ کی نماز کے بعد عوام کو روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین ڈومکی نے بتایا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی 17 نومبر سے روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم شروع ہوگی جو 29 نومبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع میں 6 ماہ سے 59 ماہ کی عمر کے دو لاکھ 71 ہزار سے زائد بچوں کو روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 149 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 8 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جب کہ 244 تربیت یافتہ افراد اور 393 سوشل موبلائزرز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مائیکرو پلان کی تیاری اور ٹیموں کی تربیت کا عمل جاری ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) حمیرہ میر، انفارمیشن آفیسر اعجاز علی تیونو، ڈی ایس پی شہزاد رشید سومرو، ریسکیو 1122 انچارج عبدالمنان، ڈسٹرکٹ مینیجر ایس آئی ایچ ایس اقصیٰ جمالي، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر آمنہ بروہی، ڈاکٹر اللہ بخش راجپر، مینیجر اوقاف خان عاطف، ڈاکٹر ریاض شاہ سمیت صحت، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



