
ملک کے تین ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت۔
منصوبے سے متعلق نادرا، ایف آئی اے پاسپورٹ، ایف آئی اے امیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں۔
اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ملک کے 3بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی ماہرین کی ٹیم نے کراچی لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ کا مکمل معائنہ کیا، ایوی ایشن ڈویژن ، سول ایوی ایشن نے غیر ملکی ماہرین کو ای گیٹ سے متعلق بریفنگ بھی دی، سیکریٹری ایوی ایشن ای گیٹ منصوبے کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔ای گیٹ منصوبے کو سیکریٹری ایوی ایشن کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا ۔ اسلام آباد،علامہ اقبال اور جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کئے جائیں گے، ای گیٹ کا سسٹم ایف آئی اے امیگریشن آپریٹ کرے گا ۔منصوبے سے متعلق نادرا،ایف آئی اے پاسپورٹ،ایف آئی اے امیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں،ای گیٹ کے ذریعے مسافروں کو امیگریشن میں بھی سہولت میسر ہوگی۔سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ میں سٹاپ لسٹ،ای سی ایل اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی ہوسکے گی، ای گیٹس سیلف سروس رکاوٹیں ہیں جو مسافر کی شناخت کی تصدیق کے لئے بائیو میٹرک پاسپورٹ چپ میں موجود ڈیٹا کو استعمال کرتی ہیں۔



